امریکا میں صدارتی انتخابات کے دو دن بعد بھی ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل نہ ہوا۔ جوبائیڈن کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے جب کہ ٹرمپ نے مسلسل فراڈ کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایڈیسن ریسرچ کے مطابق ایری زونا میں 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جس میں جوبائیڈن 50.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں ۔پنسلوانیا میں94 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی اور ٹرمپ 49.6 فیصد ووٹوں کیساتھ آگے ہیں۔
ایڈیسن ریسرچ کا کہنا ہے کہ جارجیا میں 99 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل اور جوبائیڈن اور ٹرمپ کے ووٹ برابر ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکے، ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹ214 ہوئے ہیں۔
امریکا کا نیا صدر بننے کیلئے امیدواروں کو 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
جوبائیڈن 264الیکٹورل حاصل کرکے اپنی فتح سے صرف 6الیکٹورل ووٹس کی دوری پر ہیں۔ اگر ان کی پارٹی صرف ریاست نیواڈا سے جیتنے میں بھی کامیاب ہوگئی تو وہاں کے 6 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ بائیڈن حتمی طور پر فاتح قرار پائیں گے۔ ابھی تک 5ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں جن میں کئی لاکھ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تقریباً 14 کروڑ ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جو خود امریکی تاریخ میں صدارتی انتخاب کے دوران ڈالے گئے ووٹوں کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔موجودہ صورت حال یہ ہے کہ اب ووٹوں کی گنتی بھی اختتامی مرحلے پر داخل ہوچکی ہے اور اگلے چند گھنٹوں کے دوران تمام ریاستوں سے غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔