وفاقی وزرا کو گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم

255

چیف کورٹ گلگت بلتستان نے تمام وفاقی وزرا اورحکومتی عہدیداران کو3 دن کے اندراندرگلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی مہم کےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر  دائر درخواست پر گلگت بلتستان چیف کورٹ نے حکم سناتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا اورحکومتی عہدیداران تین دن میں گلگت بلتستان سے نکل جائیں۔

عدالت نے چیف الیکشن کمشنر،وزیراعلیٰ اورچیف سیکریٹری کو فوری فیصلہ پرعملدرآمد کی ہدایت کردی۔رٹ پٹیشن پرفیصلہ جسٹس ملک حق نواز اورجسٹس علی بیگ پرمشتمل بینچ نے سنایا۔

رٹ پٹیشن پیپلزپارٹی اورن لیگ کے عہدیداران کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ رٹ پٹیشن کی سماعت چیف کورٹ گلگت بلتستان کی عدالت میں ہوئی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداروں کو الیکشن مہم چلانے سے روکا جائے اور انہیں واپس جانے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کئی روز سے گلگت بلتستان میں موجود ہیں جب کہ مریم نواز نے کل  متعدد مقاما ت پر انتخابی  جلسوں سے خطاب کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کے موقع پر تقریب میں شرکت کی تھی اور ان کے ہمراہ وفاقی وزرا سمیت حکومتی عہدیدار تھے۔