کوئٹہ ،دو گروپوں میں تصادم ، فائرنگ ،2 افراد قتل ،4 زخمی

49

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں دو گروہوں کے درمیان تصادم میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سریاب روڈ کلی سردہ میں پیش آیا، جہاں دو گروہوں میں لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد مقتولین کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا، جہاں جاں بحق افراد کی شاخت محمد ابراہیم اور محمد ہاشم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں علی احمد ولد محمد یعقوب، اسرار احمد ولد غلام قادر، نجیب اللہ ولد غلام قادر، عبدالمجید ولد حاجی عبدالنبی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔ کوئٹہ ایئر پورٹ پر کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے اسمگل شدہ ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے انجکشنز برآمد کرلیے گئے۔ کسٹم انٹیلی جنس نے دبئی سے ادویات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، دبئی سے کوئٹہ آنے والی فلائٹ کے مسافر سے پانچ ہزار انجکشن برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس سمیع الحق کے مطابق ملزم سائوتھ افریقہ سے براستہ دبئی کوئٹہ آیا جس سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے انجکشن برآمد کرلیے گئے، ملزم سے تحقیقات جاری ہے۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، انسداد اسمگلنگ کے لیے کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کوئٹہ میں کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد کرلیا۔ کسٹمز حکام کے مطابق سپرنٹنڈنٹ طارق سلطان، انسپکٹر شہزاد اختر، صلاح الدین کھوسو اور عارف دوتانی پر مشتمل ٹیم نے کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں خفیہ اطلاع پر ایک گودام میں چھاپا مارا، کارروائی کے دوران بڑی تعدد میں اسمگل شدہ غیر ملکی سامان برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً آٹھ کروڑ روپے کے قریب ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ سامان بسوں اور ٹرکوں کے ذریعے اندرون ملک اسمگل کیا جانا تھا تاہم کسٹمز کے عملے نے بروقت کارروائی کرکے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔ چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان گل رحمن نے اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔