مہنگائی کیخلاف احتجاج کرنیوالے سابق کو نسلرپر پی ٹی آ ئی کے کارکنوں کا حملہ

184

سوات(صباح نیوز)سوات میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے دوران نشاط چوک مینگورہ میں سابق کونسلر اور سماجی ورکر سپین خان کی قیادت میں عوام کا مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور گو عمران گو اور عمران خان مردہ باد کے نعرے لگائے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سپین خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے، عمران خان صحت کارڈ کا افتتاح کرنے آئے ہیں جو ہمیں قبول نہیں، ہمیں مہنگائی سے چھٹکارا اور اسپتالوں میں مفت علاج چاہیے ،ہم مزید حکومت کی جانب سے ان سبز باغوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مہنگائی کو کنٹرول کرے بصورت دیگر ہم حکومت کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کرتے نظر آئیں گے۔دریں اثنا احتجاجی مظاہرے کے دوران سپین خان پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے حملہ کیا، حامیوں نے سپین خان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔