صدارتی انتخابات: جوبائیڈن فتح کے قریب، سیکریٹ سروس نے سیکیورٹی سنبھال لی

221

امریکی صدارتی انتخاب میں جوبائیڈن جیت کے قریب ہوگئے جبکہ 5 اہم ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں.

امریکا میں 59 ویں صدارتی انتخابات میں پولنگ کے عمل کو ختم ہوئے 2 روز گزر جانے کے باجود نتائج نامکمل ہیں اور ابھی تک ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن کی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری اب تک برقرار ہے۔

ری پیلکن پارٹی کے امیدوار اور موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک 214 الیکٹورل ووٹس حاصل کرچکے ہیں جبکہ مخالف امیدوار جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ ٹرمپ پر سبقت رکھتے ہیں اور اس طرح جوبائیڈن کو وائٹ ہائوس پہنچنے کے لیے 6 ووٹ درکار ہیں.

امریکی صدارتی انتخاب میں جن 5 اہم ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں ان میں جوبائیڈن کو جارجیا میں 4 ہزار300، نیواڈا میں جوبائیڈن کو ٹرمپ پر 22 ہزار 600، اریزونا میں جوبائیڈن کو 29 ہزار800 اور پنسلوینیا میں بھی جوبائیڈن کو ٹرمپ پر 28 ہزار 800 سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی ہے جبکہ شمالی کیرولینا میں ٹرمپ کو 50 اور جوبائیڈن کوتقریباً 49 فیصد ووٹ ملے ہیں.

دوسری جانب امریکی پبلک پولز ڈیموکریٹ کے امیدوار جوبائیڈن کو امریکا کا 46 واں صدر قرار دے رہے ہیں جبکہ اسرائیل ٹائمز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جوبائیڈن کو صدارتی سیکورٹی فراہم کرنے کے انتظامات کردیے گئے ہیں۔ جوبائیڈن کی سیکورٹی کے لیے امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن روانہ کردیے۔

امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکورٹی موجودہ صدرکے برابرکردی جاتی ہے۔ جوبائیڈن کے لیے اضافی فضائی سیکورٹی اقدامات بھی لاگو کر دیے گئے ہیں جبکہ امریکی ذرائع ابلاغ آئندہ 24 گھنٹوں میں انتخابی نتائج کے اعلان کا اشارہ دے رہے ہیں۔