ٹی20: پاکستان نے زمبابوے کو6 وکٹوں سے شکست دے دی

161

اسلام آباد: پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی20 میچ میں6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ اتوار 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

خبررساں ادارے کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بیٹنگ  کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کی جانب سے میڈھیویرے نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ  شان ولیمز 25،ایلٹن چگمبورا 21 اور برینڈن ٹیلر 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم سے حارث  رؤف اور وہاب ریاض نے 2، 2 اور محمد حسنین اور عثمان قادر نے 1 ایک وکٹ حاصل کی اور جواب میں پاکستان ٹیم نے مقررہ ہدف کپتان بابر اعظم کے 82 رنز کی بدولت باآسانی 7 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا اور ان کے علاوہ محمد حفیظ 36 اور فخر زمان 19 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ زمبابوے ٹیم کی جانب سے مزرابانی  نے 2 اور چتارا اور نگراوا نے 1 ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے پاکستان کو تین ٹی20 میچز کی سیریز میں 1 صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ اتوار 8 نومبر کو اور تیسرا اور آخری میچ منگل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔