سوپ جسم میں گرماہٹ دینے کے ساتھ مکمل غذاء ہے

255

موسم سرما کا ذکر ہو اور جسم کو گرماہٹ دینے والی غذاؤں کی فہرست میں سوپ کا نام نہ شامل ہو یہ تو ممکن ہی نہیں ہےجبکہ سوپ کو اکثر افراد ہر موسم میں کسی کی پروا نہ کرتے ہوئے کھانے سے کچھ دیر پہلے لینا پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ بھوک کھولنے کے کام آتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سوپ ایک بھرپور غذا ہے جو افادیت کے لحاظ سے لاجواب ہے اور جسمانی کمزوری اور بیماری میں بطور توانا غذا کے، سوپ بہترین خیال کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے مرغی اور مٹن کا سوپ تو بے حد مفید اور پسند ہے۔

موسم سرما کے اثرات سے محفوظ رہنے یا سردی کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے یا سینے کا بلغم اور گلے کی خراش دور کرنے کے لیے  مرغی کے سوپ میں انڈا شامل کرکے بھی بہت استعمال کیا جاتا ہے مگر اس مہنگائی میں موجودہ حالات میں مشکل ہے ۔

طبی ماہرین کا  کہنا ہے کہ دیسی مرغی سے تیار کردہ یخنی بچوں، بوڑھوں کو توانائی بخشنے کے ساتھ بیمار اور کمزور لوگوں کی قوت بحال کرنے کے لیے بے حد مفید ہے اور ضروری نہیں کہ سوپ کو صرف گوشت کے ساتھ تیار کیا جائے بلکہ سبزیوں سے تیار کردہ سوپ بھی انتہائی لذیذ اور قوت بخش ہوتا ہے اور اس کے لیے  اگر محض ایک سبزی کے بجائے 3 چار سبزیاں ملاکر سوپ تیار کیا جائے تو اس کی غذائی افادیت میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سبزیوں سے تیار کردہ سوپ بچوں کی بھوک بڑھانے کے لیے بھی بے حد مفید ہے اور ہفتے میں تین مرتبہ مختلف سبزیوں کا سوپ ان کی جسمانی نشوونما میں بھرپور کردار ادا کرتا ہے اور بچوں کے لیے  دال کا سوپ بھی ایک مکمل غذا کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سوپ میں مکئی کے دانے جو فوائد اور ذائقے کے حساب سے بہترین خیال کیے جاتے ہیں اور اگر سوپ میں استعمال کیے جائیں تو جہاں سوپ کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے وہیں سوپ کی افادیت بھی کئی گنا بڑھ جاتی ہے کیونکہ مکئی کے دانوں میں وٹامن کا خزانہ موجود ہے اور چکن سے بنے سوپ میں مکئی اور سبزیوں کو شامل کر کے ایک پیٹ بھرنے والی مکمل غذا تیار کی جا سکتی ہے جس میں وافر مقدار میں ریشہ پایا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں عموماً ہم پانی اور دیگر مشروبات کم استعمال کرتے ہیں ایسے میں جسم میں ہو جانے والی پانی کی کمی کو چائے یا کافی کے بےجا اور زیادہ استعمال کے بجائے سوپ کو استعمال کرنا زیادہ عقل مندانہ انتخاب ہے جبکہ چھوٹے بچے اور کمزور یا بوڑھے افراد جو سبزیاں اور گوشت چپا نہیں سکتے ان کے لیے  سبزی کا سوپ اور چکن کا سوپ بنا کر مشین سے بلنڈ کرلیں اور ہلکا سا نمک اور کالی مرچ شامل کر کے پیش کریں تو وہ بھی سبزی اور چکن کے فوائد حاصل کر سکیں گے اور خاص طور پر ٹماٹر اور پالک کا ذائقہ دار اور مقبول سوپ اس کی عام مثالیں ہے۔فوائد حاصل کر سکیں گے۔ ٹماٹر اور پالک کا خوش ذائقہ اور مقبول عام سوپ اس کی عام مثالیں ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سوپ نظام ہاضمہ کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے  بھی کار آمد ہے اور یہ بھوک بڑھاتا ہے، جلد ہضم ہو جانے والی غذا ہے اور سیال ہونے کے باوجود پیٹ بھرنے والی ایسی ہلکی غذا ہے جو قبض اور گیس کے مریضوں کے لیے لاجواب ہے جبکہ بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سوپ دوا اور غذا دونوں کا کام کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بخار، نمونیہ اور فلو کے مریضوں کے جسم سے سردی کے اثرات کو ختم کرنے اور انہیں توانائی فراہم کرنے والے ٹانک کا بھی کام کرتا ہے اور اس کے ساتھ سوپ ہڈیوں، جوڑوں اور پٹھوں کو طاقت فراہم کرنے اور ان کی اینٹھن اور درد سے بھی آرام پہنچاتا ہے جبکہ گلے کی سوزش، خراش اور حلق کے ورم کو دور کر کے سینے کی جکڑن اور بلغم کو صاف کرکے مریض کو آرام اور سکون پہنچاتا ہے۔

خیال رہے بیماری میں سوپ استعمال کرتے وقت اسے نمک، مرچ مسالوں اور سوسز (چٹنی) سے چٹ پٹا بنانے سے گریز کریں اور نمک اور کالی مرچ محض ذائقہ فراہم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے کیونکہ سوپ میں موجود چکن، مٹن اور سبزیوں سے ذائقہ حاصل کرنے کے لیے اس کو ہلکی آنچ پر دیر تک پکایا جاتا ہے تاکہ پانی میں ان کا ذائقہ شامل ہو جائے ساتھ ہی ان سبزیوں اور چکن کو ضائع نہیں کیا جاتا بلکہ سوپ کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اس لیے سوپ میں وٹامن، معدنیات ، ریشہ اور پروٹین وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو اسے ایک مکمل طاقت ور توانائی فراہم کرنے والی غذا بناتا ہے۔

دوسری جانب سوپ کی ایک شکل یخنی بھی ہے جسے عموماً ہڈیوں اور گرم مسالوں کے ہمراہ تیار کیا جاتا ہے اور سوپ کی طرح یخنی بھی موسم سرما اور کمزور اور بیمار و بزرگ افراد کے لیے اپنے اندر فوائد کا خزانہ رکھتی ہے جبکہ یہ قوت مدافعت بڑھا کر سینہ، پسلیاں مضبوط کر کے نمونیا سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے اور دانتوں اور ہڈیوں کو مضبوط کرتی ہے کیونکہ اس میں ہڈیوں کا لعاب شامل ہونے کی وجہ سے یخنی میں فاسفورس اور کیلشم کا خزانہ موجود ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یخنی بڑھتی عمر کے اثرات کے ساتھ سرطان، دل کے امراض ، ہڈیوں اور پٹھوں کے امراض و درد سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے، بے خوابی کی شکایت رفع کرتی ہے اور خلیات کی از سر نو تعمیر اور مرمت کا کام انجام دے کر جسم کو توانائی اور قوت عطا کرتی ہے۔

واضح رہے سوپ اور یخنی کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں اس کی خصوصیت کے فوائد سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔