قائداعظم ٹرافی ،ناردرن کی سندھ کیخلاف 156 رنز کی برتری

152

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے تیسرے رئوانڈ کے دوسرے روز ہفتہ کو سنٹرل پنجاب کو بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کے لیے 103رنز درکار ہیں جبکہ سدرن پنجاب کو خیبرپختونخوا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 48رنزکی ضرورت ہے، ناردرن نے اپنی دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف مجموعی طور پر156 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سنٹرل پنجاب کو بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کے لیے ابھی مزید 103 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی ابھی 4 وکٹیں باقی ہیں۔ کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنالیے ہیں۔ اظہر علی 63اور عثمان صلاح الدین 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ احمد صفی عبداللہ 21 اور بلاول اقبال 19 کے انفرادی اسکور سے میچ کے تیسرے روزکھیل کا آغاز کریں گے۔ عماد بٹ اور تاج ولی 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ علی وقاص75 اور تیمور علی 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کاشف بھٹی 51 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ سنٹرل پنجاب کے احمد صفی عبداللہ، وقاص مقصود اور بلاول اقبال نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں سدرن پنجاب کو خیبرپختونخوا کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کے لیے مزید 48رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 72 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنالیے ہیں۔ محمد عرفان 71 اور محمد عمران ایک رن کے انفرادی اسکور سے میچ کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔اس سے قبل حسین طلعت نے 131 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ کے پی کے خالد عثمان اور ساجد خان 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل کے پی کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 304 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عادل امین 90 اور کامران غلام 64 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ فاسٹ بالر محمد عباس نے 33 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں ناردرن نے اپنی دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف مجموعی طور پر156 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ ناردرن نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنالیے ہیں۔ سرمد بھٹی 13 اور محمد نواز 2 کے انفرادی اسکور سے میچ کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل ناردرن کے 328 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسپنر نعمان علی نے 5 جبکہ وقاص احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شرجیل خان 48 اور فواد عالم 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔