جس دن لگا کم بیک نہیں کر سکتا، کرکٹ چھوڑ دوں گا، جنید خان

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سلیکٹرز کی نظرکرم کے منتظر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ وہ سلیکٹرز کو متاثر کرنے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں اور مستقبل قریب میں قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے پرامید ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ جہاں تک میرا سوال ہے تو میں اب بھی پاکستان کے اسکواڈ میں کم بیک کر سکتا ہوں کیونکہ مجھ میں کافی کرکٹ باقی ہے، میرا کسی بھی فارمیٹ سے آرام لینے کا کوئی ارادہ نہیں، ،میں نے نیشنل ٹی20 کپ کھیلی اور قائد اعظم ٹرافی کھیل رہا ہوں اور پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہا ہوں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ورلڈ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر بطور احتجاج جنید خان نے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں ان کے منہ پر ٹیپ لگا ہوا تھا لیکن بعدازاں انہوں نے اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنید نے کہا کہ وہ پوسٹ اس بات کا ردعمل تھا کہ مجھے ٹیم سے اخراج کی خبر میڈیا سے ملی اور سلیکٹرز نے مجھے اس بارے میں نہیں بتایا جن تجربہ کار کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ کی خدمات کی ہے وہ زیادہ عزت کے مستحق ہیں۔فاسٹ بولر نے کہا کہ جس دن انہیں لگا کہ وہ کم بیک نہیں کر سکتے، اس دن کرکٹ چھوڑ دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ میرے پاس انگلینڈ کی شہریت ہے۔