قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون،سندھ نے پہلے روز121رنز بنالیے

133

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بولرز کا پلڑا بھاری رہا، جہاں سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ کے پہلے روز کْل 17 وکٹیں گریں۔ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سندھ کے 121 رنز کے جواب میں بلوچستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنالیے ہیں۔ تیمور خان 26 اور عمید آصف 6 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ سندھ کے عامر علی اور ابرار احمد بالترتیب 3 اور 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 53.2 اوورز میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کے صرف دو بیٹسمین فہد اقبال (39) اور حسن محسن (16) ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ بلوچستان کے محمد طلحہ نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عمید آصف اور جلات خان نے بھی 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں جاری میچ کا پہلا روز بھی باؤلرز کے نام رہا، جہاں پنجاب کی دونوں ٹیموں کے درمیان جاری میچ میں اب تک 16 وکٹیں گرچکی ہیں۔ سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر خان نے 16 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علی عثمان نے 3 جبکہ علی شفیق نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سدرن پنجاب نے میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنالیے ہیں۔ طیب طاہر 42 اور محمد محسن 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رمیز عالم 19 اور ضیاء الحق 9 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر خیبرپختونخوا نے ناردرن کے 344 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے ہیں۔