سہ روزہ انڈر19، ناردرن نے کے پی کو شکست دیدی

96

لاہور(جسارت نیوز) مریدکے کنٹری کلب لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 212 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عبدالفصیح 56 اور حسین 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس سے قبل 65 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی کے پی کی ٹیم نے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ معاذ احمد 80 اور احمد خان 59 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ حارث خان 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ناردرن کے مبصر خان نے میچ کی دونوں اننگز میں 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ کے پی کے 113 رنز کے جواب میں ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 178 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ نیشنل انڈر19 تھری ڈے چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سندھ نے بلوچستان کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے میچ کے آخری روز 95 رنز کا مطلوبہ ہدف اپنی دوسری اننگز میں17.5 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان صائم ایوب 42 اور رضوان محمود 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل 129 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم 223 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔