صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں نے مغربی صوبے حدیدہ میں شہری آبادی پر شدید گولہ باری کی ہے، جس کے نتیجے میں 3 مکان تباہ ہو گئے۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے جمعہ کے روز کی جانے والی کارروائی کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں طے پائی گئی جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق حوثی ملیشیا نے جنوبی الحدیدہ میں الحوک ضلع کی المنظر کالونی میں راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 3 مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری ہونے والی تصاویر اور وڈیوز میں بم باری کے بعد ہونے والی تباہی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 2 ہفتے قبل بھی حوثی ملیشیا نے منظر کالونی میں گولہ باری کر کے 5 مکانات تباہ کردیے تھے، جس میں 2 خواتین اور 5 بچے زخمی ہوئے تھے ۔ دریں اثنا یمنی دارالحکومت صنعا میں حوثی ملیشیا کی پولیس اکیڈمی میں منعقدہ گریجویشن کی تقریب میں امریکا اور یہود مخالف نعرے لگائے گئے اور نازی جرمنوں سے مشابہت رکھنے والی وردی پہن کر کرتب کا مظاہرہ کیا گیا۔ واشنگٹن میں یمنی سفارت خانے کی جانب سے اس متنازع تقریب کی ٹوئٹر پر جاری وڈیو پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی گئی ہے۔