پی ڈی ایم متحد ہے، دسمبر تک حکومت نہیں رہے گی ، فضل الرحمن

75

پشاور(این این آئی )جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں ، حکمرانوں کے غیر سنجیدہ اقدامات اور نااہلی کی وجہ سے ملک معاشی ابتری کا شکار ہے، حکومت کو مزید ملک پر مسلط کرنا ملکی استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ،دسمبر تک حکومت کو نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن کی کاوشیں کامیابی کے قریب ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مفتی محمود مرکز پشاور میں صوبائی عاملہ کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں 25 جولائی 2019ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کے حوالے سے اپنے بیانئے پر قائم ہیں۔ سلیکٹڈ حکمران مرکز اور خیبر پختونخوا میں نہ صرف عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے بلکہ ملکی معیشت کا بیڑہ بھی غرق کردیا۔انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ، کراچی اور کو ئٹہ کے بعد پشاور جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی جلسوں سے خائف ہوچکی ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومتی ترجمان اپنی کارکردگی پر پردہ ڈالنے کے لیے آئے روز اپوزیشن کی کردار کشی میں مصروف ہیں،آج ملک بھرمیں عوام اور سرکاری ملازمین حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو بچانے، آئین کے استحکام ،قانون ، اداروں کی بالادستی اور ملک وعوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلانے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں پروپیگنڈوں کے باوجود مشترکہ بیانیے پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کا زوال قریب ہے ،جنوری سے قبل ان شا اللہ عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو گھر بھیجنے پر مجبور کردے گا۔