حافظ آباد (آن لائن،این این آئی )اپوزیشن کا مقابلہ مجھ سے ہے،نواز شریف فوج کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سیاسی مخالفین نے ملک میں سرکس لگا رکھی ہے، ماضی میں نیب غلام آج آزاد ہے، یہ چاہتے ہیں نیب کو ختم کر دیا جائے تاکہ ان کی چوری چھپ جائے، لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماری ختم ہوگئی، جتنے مرضی جلسے کرلو، جب تک پیسہ واپس نہیں کرتے، نہیں چھوڑوں گا۔نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے، میری وجہ سے نہیں، ان جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے ، چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالتﷺکا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟ میں یہ سب ووٹ کے لیے نہیں کیا بلکہ یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا ۔وزیراعظم نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی کے لیے ہم کام کررہے ہیں، ان کے دور میں نیب غلام تھا جب کہ ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ ہے، ہم نے ان کے خلاف نئے کیسز نہیں بنائے، یہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف نے ایسی عجیب شکل بنائی کہ کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے لیکن لندن جاتے ہی نواز شریف کی ساری بیماریاں ختم ہوگئیں، نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے اس حد تک پہنچ گئے کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں، انھوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف پر حملے شروع کردیے، وہ آدمی لندن میں بیٹھ کر ہماری فوج کے خلاف سازش کررہا ہے۔ میں نوازشریف جیسے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کامقابلہ کروں گا۔انہوںنے مزید کہاکہ ملکی تاریخ میں صرف1970میں شفاف انتخابات ہوئے اس کے لیے علاوہ ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگے، 2018 کے انتخابات پر ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، (ن) لیگ نے دھاندلی پر صرف 11 درخواستیں دائر کیں ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کورونا وباء کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود پنجاب حکومت نے بروقت اقدامات سے کرونا وباء کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا،کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے،سیاسی و سماجی رہنما اس حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان نے حافظ آباد میں سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سے ملاقات کی جس میں معاونِ خصوصی ندیم افضل چن، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ترجمان پنجاب گورنمنٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں شریک تھیں ۔