ڈیلا ویئر: امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ عوام کو تقسیم نہیں متحد کرنے کاعہد کرتا ہوں.
امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ امریکی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا جس کے بعد امریکی تاریخ میں ریکارڈ ووٹ حاصل کرکے صدرمنتخب ہوا اور آج امریکی عوام کی فتح کا دن ہے.
امریکی نومنتخب صدرجوبائیڈن نے کہا کہ میرے سامنے سب سے پہلے امریکا ہے، امریکی عوام نے مجھے معیشت کی بہتری کے لیے ووٹ دیا اور تمام امریکیوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کروں گا، مڈل کلاس افراد ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور متوسط طبقے کو معاشی لحاظ سے مضبوط کریں گے.
جوبائیڈن نے کہا کہ بطور صدرعوام کو تقسیم نہیں متحد کرنے کاعہد کرتا ہوں، مخالفین کودشمن کی طرح نہ دیکھیں وہ امریکی ہیں، امریکا کوایک بارپھر دنیا میں قابل احترام بنائیں گے اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کی پوری کوشش کروں گا.