اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس بے قابو ہونے پر اسلام آباد کے مزید 5 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچاؤ کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کا بڑا اقدام سامنے آیا ہے اور اسلام آباد کے 5 سب سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں شہریوں کو پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث سیل کیے جانے والے سیکٹرز میں سیکٹرآئی 8 تھری،آئی 8 فور، جی سکس 2، جی 9 ون اور سیکٹر جی 10 فور اورجی 6ٹو شامل ہیں جبکہ پانچوں سب سیکٹرز کو پیر 9نومبر کو دن 10 بجے سیل کردیا جائے گا اور ان سیکٹرز میں پولیس کو تعینات کیا جائے گا اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل ایمرجنسی، کھانے کی ضروری اشیاء اور ادویات خریدنے والوں کو خاص استثنیٰ حاصل ہوگی۔
واضح رہے ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے اور عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 25 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6ہزار968 ہوگئی ہے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں میں کورونا کے 1 ہزار 436نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ43 ہزار189 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ18 ہزار417 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 17 ہزار804 زیر علاج ہیں۔