گلگت بلتستان کے عوام کو اس ظالم و نااہل کٹھ پتلی راج سے بچانا ہے، بلاول

91

دیامر(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اس ظالم و نااہل کٹھ پتلی راج سے بچانا ہے‘ حکومت کو اب گھر جانا ہی ہوگا۔ہنزہ کے گلمیت پولو گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران بلاول زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا دروازہ ہے ، سی پیک سب سے پہلے گلگت بلتستان میں شروع ہونا چاہیے تھا،آپ سی پیک کے دروازے پر ہیں اور آپ کو پوچھنا پڑ رہا ہے کہ سی پیک کہاں ہے، امید رکھتا ہوں کہ یہاں کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے۔اس سے قبل دیامر کے علاقے تھور میں بلاول زرداری نے کہا کہ گلگت کے عوام نے ثابت کردیا کہ حکومت کو اب گھر جانا ہی ہوگا، حکومت کی کوشش ہے کہ مجھے صوبہ بدر کردیا جائے تاکہ آسانی سے دھاندلی کی جاسکے،اپوزیشن جماعتوں کو گلگت بلتستان کے انتخابی عمل سے باہر کرنے کی کوشش دھاندلی ہوگی،ہم کسی کو گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بلاول زرداری نے کہا کہ 15 نومبر تک میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہوں، حکومت مجھے صوبہ بدر کرنے کے لیے عدالتوں کو استعمال کرنے کی کوشش کرسکتی ہے، مجھے امید ہے کہ ہماری عدلیہ دھاندلی کے حق میں فیصلے نہیں دے گی، سب جان لیں میں گلگت بلتستان سے کہیں نہیں جارہا، اگر گلگت بلتستان سے نکال کر مجھے صوبہ بدر کرنا ہے تو گرفتار کرنا ہوگا۔