بائیڈن کا نسل پرستی اور شیطانیت کے خلاف اعلان جنگ

173

ڈیلاویئر(مانیٹرنگ ڈیسک)نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے نسل پرستی اور شیطانیت کے خلاف جنگ کااعلان کیا ہے۔ڈیلاویئر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب نسل پرستی کاخاتمہ کرنے کی جنگ کا وقت ہے، ہم لوگوں کو تقسیم نہیں متحد کریں گے اور امریکا کو ایک بار پھر دنیا بھر میں قابل احترام بنائیں گے۔ جوبائیڈن نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکا میں شیطانیت کا سنگین دور ختم ہونے دیا جائے، مخالفین کو دشمن کی طرح نہ دیکھیں، وہ بھی امریکی ہیں، انہیں امریکیوں کی طرح ہی دیکھیں، جنہوں نے مجھے ووٹ نہیںدیا ان کا بھی صدر ہوں، سخت بیانات کا سلسلہ ختم کیا جائے، کشیدگی کو کم کیا جائے اور ایک دوسرے پر دوبارہ نگاہ ڈالی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوب ایشیائی تارک وطن کی بیٹی ملک کی پہلی نائب صدر بنی ہیں۔نومنتخب صدر کے بقول مڈل کلاس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں مضبوط بنائیں گے۔عالمی وبا کورونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا ٹاسک فورس کے لیے نامور سائنسدانوں کا اعلان آج پیر کو کروں گا۔اس موقع پر امریکا کی نومنتخب نائب صدر کمالا ہیرس نے کہا کہ الیکشن میں ڈالے گئے ہر ووٹ کو گنا گیا، امریکی عوام نے امید، اتحاد اور شائستگی کا انتخاب کیا۔کمالا ہیرس کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تحفظ کی کوششیں قربانیاں مانگتی ہیں،خواتین کاشکریہ جنہوں نے موجودہ نسل کے لیے راہ ہموار کی۔واضح رہے کہ جوبائیڈن20 جنوری 2021ء کو عہدہ صدارت پر براجمان ہوجائیں گے ،جو بائیڈن امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے صدر ہوں گے۔