سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا 5واں رائونڈ مکمل

54

کراچی (اے پی پی) قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا5واں رائونڈ پیر کو مکمل ہوگیا، سندھ نے بلوچستان کو 71 رنز سے جبکہ خیبرپختونخوا نے ناردرن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرادیا۔کراچی میں کھیلے جارہے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا5واں رائونڈ پیر کو مکمل ہوگیا ہے۔کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 71 رنز سے شکست دے دی۔ 214 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم میچ کے آخری روز دوسری اننگز میں 142 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اسپنر ابرار احمد نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ عبدالرحمن مزمل 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس سے قبل 25 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم 188 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ پہلی اننگز میں سندھ کے 121 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ اسی طرح سے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرادیا۔ خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں 258 رنز کا مطلوبہ ہدف میچ کے آخری روز 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اوپنر وقار احمد 92 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔ ناردرن کے شاداب مجید نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 34 رنز کی سبقت سے دوسری اننگزکا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے میچ کے آخری روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی۔شعیب منہاس نے 88 رنز بنائے۔ اسپنر آصف آفریدی نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں ناردرن کے 344 رنز کے جواب خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 310 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔