بلاول زرداری جان لیں پرچی پر صوبے نہیں بنتے،مراد سعید

76

گلگت( آن لائن ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول جان لیں پرچی پر صوبے نہیں بنتے ۔ گلگت بلتستان کے علاقے خپلو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوروں نے جس طرح پاکستان کو لوٹا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا ، نواز شریف کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے اور آصف علی زرداری کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو کھلاتا بھی ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے اور جو کھا چکے ہیں ان سے بھی حساب لیں گے۔ بلاول کا غریب سے تعلق اتنا ہے جتنا کلو کا انڈوں سے اور آلو کا درجن سے ہے، سی پیک میں سب سے پہلا حق گلگت بلتستان کا تھا ، ہماری حکومت نے گلگت بلتستان میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے لیے اقداما ت کیے ہیں۔ مراد سعید نے بلاول زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ کے علاقے تھر میں ہے۔ پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے 100 فیصد مفت علاج کا اعلان کیا ہے اور اب عوام کے تعاون سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی۔