سندھ حکومت کو توہین عدالت کا نوٹس، وزیراعظم کو بھی طلب کرسکتے ہیں: سپریم کورٹ

217

اسلام آباد: کراچی سرکلر ریلوے کیس میں سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا.

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی.

عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ کے نوٹسز میں محکمانہ خط بازی کی گئی لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا.

عدالت نے سوال کیا کہ سیکرٹری ریلویز اورچیف سیکرٹری سندھ بتائیں کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ کیوں فعال نہیں ہوا، کیوں نہ سیکرٹری ریلویزاورچیف سیکرٹری سندھ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے.

چیف جسٹس نے کہا کہ اب بات صرف یہاں تک نہیں رکے گی، کراچی سرکلر ریلوے کیوں فعال نہیں ہوئی، سب کو بلائیں گے، ضرورت پڑی تو وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ کو بھی طلب کریں گے.

عدالت نے سیکرٹری ریلویز، چیف سیکرٹری سندھ اور ڈی جی ایف او کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری ریلوے اور چیف سیکریٹری توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں.

بعدازاں سپریم کورٹ نے کراچی سرکلرریلوے کیس میں پاکستان ریلوے اورسندھ حکومت کوتوہین عدالت کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی.