کوئٹہ ،تاجر کے قتل کیخلاف انجمن تاجران کی اپیل پرشٹربندہڑتال

82

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)تاجر رہنمااللہ داد ترین کے قتل کے خلاف منگل کو انجمن تاجران بلوچستان ، مرکزی انجمن تاجران کی اپیل پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور پشین میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشین کے کلی علی زئی میں نامعلوم افراد انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اللہ داد ترین کو ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کیا ۔ جس کے خلاف انجمن تاجران بلوچستان ، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے کوئٹہ اور پشین شہر میں شٹربندہڑتال کی کال دی تھی ، منگل کے روز کوئٹہ اور پشین شہر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند رہے جبکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔کاروباری مراکز بند ہونے کے باعث شہر سنسان رہا ۔جبکہ سرحدی شہر چمن میں تاجربرادری نے ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ دریں اثنا انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اللہ داد ترین کو اپنے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں سیاسی و قبائلی معتبرین ، علمائے کرام ، تاجر تنظیموں کے نمائندوں ، دکانداروں سمیت علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں ، قبائلی عمائدین ، سول سوسائٹی کے نمائندوں و دیگرنے حاجی اللہ داد ترین کے قتل پر افسوس و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہید اللہ داد ترین کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔