اسلام آباد (صباح نیوز) اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت بلاول زرداری اور مریم نواز شریف کے درمیان ون آن ون اہم ملاقات ہوئی ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کی مزاحمت پر اتفاق اور باہمی تعاون کا فیصلہ کرلیا گیا۔یہ ملاقات دونوں رہنمائوں کے انتخابی دوروں کے موقع پر گلگت کے ایک ہوٹل میں ہوئی ، دونوں رہنما اپنی اپنی جماعتوں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد خطے میں موجود ہیں، بعد ازاں دونوں جماعتوں کے وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا ہے، مختلف انتخابی معاملات پر تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور صدر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی حالات کے حوالے سے پی ڈی ایم کی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔