مزارات اور سینما گھر فوری بندکرنے کا فیصلہ، سردیوں کی چھٹیاں جلدی دینے کی سفارش

91

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مزارات، سینما اور تھیٹر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ موسم سرما کی تعطیلات جلدی شروع کرنے کی تجویز دے دی ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات تجویز کرتے ہوئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بیماری میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے لہٰذا زیادہ خطرے والے علاقوں میں پابندیاں بڑھائی جائیں۔این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے، 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔این سی او سی نے شادی تقریبات سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کردیے جس کے مطابق 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی بالائی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہوگی جب کہ 500 سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سول سوسائٹی کے اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔این سی او سی کی جانب سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی درخواست بھی کی گئی، اس کے علاوہ بازاروں کو بھی جلدی بند کرنے اور مخصوص دنوں کے لیے کھولنے کی تجاویز دی گئیں تاہم این سی او سی کی تجاویز پر حتمی فیصلے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کیے جائیں گے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے،زندگیاں بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ملک بھر کی سیاسی قیادت کی جانب سے قوم کو حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کے لیے پیغام جانا چاہیے۔