کوئٹہ/اسلام آباد(آن لائن)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی امیر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کی رائے کے بغیر بندکمروں میں ہونیوالے فیصلوں نے ملک کو معاشی اور نظریاتی طور پر کمزور کیا حقیقی جمہوریت پاکستان کی ضرورت ہے آج بھی ملک میں مارشل لا کانفاذ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئرنائب امیر مولانا خورشید احمد مفتی محمد روزی خان جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ پر مشتمل وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور بچائو کا تقاضا ہے کہ کٹھ پتلی حکمران وقت سے پہلے استعفا دے کر چلے جائیں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام 22نومبر کوپشاور میں ہونے والا جلسہ عام دیگر جلسوں کی طرح پاکستانی قوم کی آواز ثابت ہوگا کٹھ پتلی حکومت کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں کی محنت اور جدوجہد رائیگاں نہیں جائیں گی۔