لاہور: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظور کرلی.
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی لاہور کے نیب آفس پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کی درخواست ضمانت پر اے ٹی سی کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے سماعت کی.
عدالت نے لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا.
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کیخلاف تھانہ چوہنگ میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے.
لیگی ایم پی اے کی گرفتاری کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے خواجہ عمران نذیر کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈر ڈر کے بیچاروں کی حالت پتلی ہو گئی ہے، جاننا چاہتے ہیں کانپتی لرزتی حکومت کے آخری دن کیسے ہوتے ہیں ؟، عمران نذیر کی گرفتاری لاہور جلسہ سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ماڈل ٹائون لنک روڈ سے گزر رہے تھے کہ ٹریفک وارڈن نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔ ٹریفک وارڈن کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کی کال پر خواجہ عمران نذیر کی گاڑی کوروکا گیا۔
خواجہ عمران نذیر کے بحث کرنے پر فیصل ٹائون پولیس کے اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا جو خواجہ عمران نذیر کو گاڑی سمیت تھانے لے گئے۔
پولیس کے مطابق خواجہ عمران نذیر کی گاڑی چوہنگ تھانے کی ایف آئی آرمیں مطلوب تھی۔ گرفتاری کی اطلاع ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنما ، وکلا اور کارکنان تھانہ فیصل ٹائون پہنچ گئے تھے جبکہ اس موقع پر کارکنان حکومت اور پولیس کے خلاف نعر ے بازی کرتے رہے ۔