پی ایس ایل 5: ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کردیا

128

کراچی میں پی ایس ایل فائیو  میں ہونے والے میچز کے دوران ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کردیا ہے اور اسٹیڈیم کے اطراف کے راستے ہیوے ٹریفک کے لئے بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھے  جبکہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ستمبر میں سپرلیگ کے بقیہ میچز کے دوبارہ انعقاد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ایونٹ کے پلے آف میچز 14 نومبر سے دوبارہ منعقد ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل کے پلے آف میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ چاروں فرنچائزوں نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور معین خان اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے آغاز کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلنے شروع کردیے ہیں۔

واضح رہے  پاکستان سپر لیگ میں فرنچائزوں کی پریکٹس اور آنے والے میچز کے سلسلے میں کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے اور  ٹریفک پولیس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 سے آنے والی ٹریفک کو حسن اسکوائر پل سے نیو ٹاؤن کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے بھی نیشنل اسٹیڈیم تک نے کی اجازت نہیں ہوگی  اور یونیورسٹی روڈ  سے براستہ نیو ٹاؤن  نیشنل اسٹیڈیم  جانے والی سڑک بھی بند ہو گی جبکہ یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لئے کھلے رہیں گے

اسی طرح نیپا سے حسن اسکوائر جانے والی ٹریفک کو بھی نیوٹاؤن کی جانب بھیجا جا رہے اور نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ  ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک اہلکار موقع پر موجود ہیں اور نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب اسٹیڈیم کے اطراف اور مختلف شاہراہوں پر 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے اور  پاک آرمی، رینجرز اور اسپیشل برانچ کی نفری بھی ایونٹ کے پرامن انعقاد میں پولیس کی معاونت کرے گی۔