فردوس عاشق کا بیان درست نہیں ،ذاتی تجزیہ ہو سکتا ہے، شہباز گل

109

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے فردوس عاشق اعوان کے بیان کو ان کا ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بارے میں فردوس صاحبہ کا ذاتی تجزیہ یا خیال ہو سکتا ہے، یا پھر ان کا بیان آئوٹ آف کون ٹیکسٹ چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے یہ بات درست نہیں ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے کہنے پر آرمی چیف نے بلاول کو کال کی تھی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ کو اداروں اور صنعتوں کا اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہضم نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔شہباز گل نے کہا کہ پہلے اداروں پر حملے اور اب منتیں، یہ ہے ان کی اصلیت۔ انہوں نے کہا کہ جعلی انقلاب بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔