پورے ملک میں قلندرز کے چاہنے والے موجود ہیں،سہیل تنویر

53

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ5 کی فرنچائزڈ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل تنویر نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پورے پاکستان میں لاہورقلندرز کوچاہنے والے بڑی تعداد میں موجودہیں اور وہ خواہش رکھتے ہیں کہ لاہور قلندرز اس مرتبہ پی ایس ایل5 کا ٹائٹل ضرور جیتے،پاکستان میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد ہماری ٹیم کو سپورٹ کرتی ہے جس کی وجہ سے ہماری ٹیم کے کرکٹرز کو جوش اور ولولہ ملتا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ایل5 میں کھیلے گئے میچوں کی طرح ہم باقی ماندہ میچوں میں بھی بہتر پرفارمنس دے سکیں۔انہوں نے جمعرات کو پری میچ ورچوئل میڈیا کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کی جیت کے لئے مومینٹم بہت لازمی ہوتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی پچھلے میچ کے مومینٹم کو آئندہ میچوں میں بھی برقرار رکھیں جس کے لئے ہم نہ صرف پریکٹس سیشن کررہے ہیں بلکہ میچز بھی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک دو پلیئر کی کارکردگی کی وجہ سے ہی میچ میں کامیابی حاصل کی جاتی ہے، یہ بہت کم ہوتا ہے کہ4,5 پلیئر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی100فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کا انہوں نے کئی مرتبہ مظاہرہ بھی کیا ہے، جہاں تک بین ڈنک کی بات ہے تو انہیں ایک رول دیاگیا ہے جس کو وہ بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ سہیل تنویر نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین اور بولرز بھرپور فارم میں ہیں اور ہم اپنے مداحوں کو اچھی خبر دینے کی کوشش کریں گے۔