پی ایس ایل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

75

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ اور ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کے سب زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے علیم ڈار اور مائیکل گف پاکستان سپر لیگ 2020 کے فائنل میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرنے والے احسن رضا اور آئی سی سی انٹرنیشنل امپائرز پینل میں شامل راشد ریاض ایونٹ کے فائنل میں تیسرے اور چوتھے امپائر کی حیثیت سے فرائض ادا کریں گے۔محمد انیس اس میچ میں ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 42 میچوں میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار 14 اور 15 نومبر کو بالترتیب شیڈول ایلیمینٹر ون اور ایلیمینٹر ٹو میں بھی آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین شیڈول ایلیمینٹر ون میں ان کے ہمراہ شوزب رضا فیلڈ امپائر جبکہ احسن رضا تھرڈ اور فیصل خان فورتھ امپائر ہوں گے۔پروفیسر جاوید ملک اس میچ کے ریفری ہوں گے۔دوسرے ایلیمینٹر میں علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، یہاں شوزب رضا تھرڈ اور آصف یعقوب فورتھ امپائرنگ کریں گے۔ پروفیسر انیس کو اس میچ کا ریفری مقرر کیا گیا ہے۔