ہاکی قومی کھیل ہے عروج کیلئے حکومتی سرپرستی جاری رہے گی،قاسم خان سوری

103

اہور(جسارت نیوز )ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈکوارٹر لاہور میں پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ سے ملاقات.اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری لفٹننٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر بھی موجود تھے۔قومی اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ہاکی قومی کھیل ہے اور موجودہ حکومت ہاکی کے کھیل کو ماضی کی طرح عروج پر لانے کے لئے بھرپور سرپرستی کرے گی۔ انشا اللہ مستقبل میں ہاکی کے کھیل میں بہتری نظر آئے گی۔ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ اور دیگر عہدیدران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کا کھیل پاکستان کا فخر ہے۔ ماضی میں پاکستان نے اس کھیل میں شاندار فتوحات اپنے نام کیں۔خوشی اس بات کی ہے کہ ہاکی کا کھویا ہوامقام پانے کے لیے ہاکی فیڈریشن کے آفیشلز اور کوچز جذبے کے ساتھ بغیر معاوضے کے کام کررہے ہیں۔پی ایچ ایف کے عہدیدار سابقہ انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں اور اگر یہ چاہیں تو انٹرنیشنل سطح پر کوچنگ کرکے بہت پیسہ کماسکتے ہیں لیکن انہوں نے بغیر معاوضہ کے ملک کی خدمت کرنے کو ترجیع دی ہے جو کہ قابل ستائش قدم ہے۔موجودہ آفیشلز ہاکی کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی میں پریمئر لیگ کرونا وائرس کی وجہ سے نہیں ہوسکی۔ کرونا وائرس کی وبا کے خاتمہ کے بعد ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کی بھی رونقیں بحال ہوں گی۔ قاسم سوری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود چیمپئن رہ چکے ہیں اور کھیلوں کے بارے میں وہ بہت بہتر طور پر جانتے ہیں ان کا ویژن ہے کہ علاقائی سطح پر کرکٹ کروائی جائے۔شہروں کی ٹیمیں ہوں تو لوگ زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔پی ایس ایل میں اپنے اپنے شہروں کے نام سے ٹیموں کی مقبولیت کا اندازہ آپ لگاسکتے ہیں۔پی ایچ ایف کی بھی اپنی پالیسی بنی ہوئی ہے۔ہاکی کو بھی علاقائی سطح پر لایا جائے تاکہ لوگوں میں دوبارہ ہاکی کا جنون پیداہو۔وزیر اعظم عمران خان ہاکی کے کھیل کو بھی اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران نے ہاکی کی بہتری کے لئے جو تجاویز دی ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری پی ایچ ایف کے عہدیداران کی دعوت پر پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پہنچے تو پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ اور دیگر عہدیدران نے ان کا استقبال کیا اور انہیں ہاکی کی بہتری کے لئے تجاویز دیں۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے شکر گزار ہیں کہ وہ فیڈریشن کی دعوت پر پی ایچ ایف کے ہیڈ کوارٹر تشریف لائے اور انہیں ہاکی کے مسائل اور ترقی کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہاکی کی بہتری کے لئے بھرپور سرپرستی کا یقین دلایا ہے۔