اسلام آباد (اے پی پی)رومانیہ میں تیارکردہ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس تبوک پاک بحریہ کے بحری بیٹرے میں شامل ہوگیا۔جہاز کی شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا، پی این ایس تبوک کی کمشننگ تقریب رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس تبوک جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے، پی این ایس تبوک متعدد نیول آپریشنز سر انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزارت دفاعی پیداوار اور ڈامن شپ یارڈ کے درمیان پاک بحریہ کے لیے 2 جہازوں کی تیاری کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اسی طرز کا پہلا جہاز پی این ایس یرموک پہلے ہی پاک بحریہ میں شامل ہوچکا ہے۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے جہاز کی تیاری پر ڈامن شپ یارڈ کے تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ تقریب میں پاکستانی حکام اور ڈامن شپ یارڈ کی انتظامیہ نے شرکت کی۔