پنجاب میں تحریک لبیک کیخلاف کریک ڈائون، سیکڑوں گرفتار

60

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈائون۔سینکڑوں گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے 15 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔راولپنڈی ڈویژن میں پولیس نے تحریک لبیک کے مجموعی طور پر 96 رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی سے تحریک لبیک ناردرن پنجاب کے امیر عنایت الحق شاہ سمیت 36 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اٹک سے 26 ، چکوال سے 26 اور جہلم سے 8 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔گرفتار شدگان کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے لیے بھی لاہور میں پولیس نے ملتان روڈ کی حدود میں سمن آباد میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا تاہم وہ گرفت میں نہ آسکے۔ پولیس نے 7 کارکنان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ تحریک لبیک کے کارکنوں نے 15 نومبر کو ہر صورت لیاقت باغ پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ 15 نومبر کو تحریک لبیک پاکستان نے شان رسالت ﷺ میں فرانس کی گستاخی کے خلاف پشاور سے فیض آباد تک مارچ کا اعلان کیا ہے۔