بھارت دہشت گردی اور اقلیتوں کیخلاف مظالم پررائے دینے کے قابل نہیں، پاکستان

39

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاکستان نے بھارت کی جانب سے اقلیتوں کے ساتھ ناروا رکھے گئے سلوک اور دہشت گردی سے متعلق بے بنیاد الزامات کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی ہم منصب کی جانب سے اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور دہشت گردی سے متعلق لگائے گئے الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا۔زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بلاروک ٹوک ریاستی دہشت گردی اور اپنی اقلیتوں کے خلاف مسلسل ریاستی امتیاز کے مرتکب کی حیثیت سے بھارت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ کہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے مسئلے پر رائے دے سکے۔دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے من گھڑت الزامات لگانے سے جھوٹ، سچ میں تبدیل نہیں ہوجائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی اس طرح کی مایوس کن کوششیں اس کی اپنی داخلی اور خارجہ پالیسی کے ناکام ہونے سے توجہ ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گی ۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو دہشت گردی کو ریاستی آلے کے طور پر استعمال کو روکنا چاہیے، اسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور تشدد کو ختم کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنا چاہیے اور اپنے ملک میں اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے سمیت انہیں ان کی مذہبی عبادت گاہوں میں جانے کی آزادی کو یقینی بنانا چاہیے۔