اسلام آباد(این این آئی)ملک کی 49 فیصد عوام نے اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک کو سویلین بالادستی کی تحریک قرار دے دیا۔انسٹیٹیو ٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے کے مطابق 32 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ اس تحریک کے ذریعے پی ڈی ایم میں موجود جماعتیں اپنی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کررہی ہیں۔سروے کے مطابق 45 فیصد عوام فوری انتخابات کے پی ڈی ایم کے مطالبے کے حامی ہیں جبکہ 31 فیصد عوام حکومت کی مدت مکمل ہونے کے حامی ہیں۔اپوزیشن اتحاد پر مبنی پاکستان ڈیموکریٹک الائنس جلد انتخابات کا مطالبہ کررہی ہے لیکن مڈ ٹرم انتخابات کروانے کی صورت میں بھی کوئی سیاسی جماعت اکیلے حکومت تشکیل نہیں دے پائے گی۔ اس بات کا انکشاف انسٹیٹیو ٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کے ملک بھر میں کیے گئے سروے میں ہوا، جس میں 2 ہزار سے زاید افراد نے حصہ لیا۔