کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی، کراچی اسٹرائیکرز سیمی فائنل میں

103

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دوسرا کارپوریٹ کلر کٹ ٹی ٹوئنٹی لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ گزشتہ روز مکمل ہوگئی۔ پہلے سیمی فائنل میں کراچی اسٹرائیکرز سی سی کا مقابلہ سی اسکوائر پیتھونز سی سی سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں رنگون والا سی سی کا سامنا  یونائیٹڈ ہاکس سی سی سے ہوگا۔ گروپ میچوں کے اختتام پر کراچی اسٹرائیکر سی سی نے 6 میچوں میں 5 جیت اور 1 ہار کے ساتھ گروپ اسٹیج کو پہلے نمبر پر ختم کیا ، رنگون والا سی سی اپنے 6 میچوں میں 4 جیت اور 2 ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، یونائٹیڈ ہاکس 4 جیت اور 2 ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، جبکہ سی اسکوائر پیتھونز  سی سی نے 6 میچوں چار 4 جیت اور 2 شکست کے ساتھ چوتھی اور آخری پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنالی۔تاہم لیگ کے دو میچوں میں رنگون والا سی سی نے کنٹری کلب گرائونڈ میں سی اسکوائر پیتھونز سی سی کو 9 وکٹوں سے شکست دی جبکہ قائداعظم پارک کرکٹ گراؤنڈ اسٹیل ٹائون شپ میں یونائیٹڈ ہاکس سی سی نے ریکس الیون سی سی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کنڑی کلب گرائونڈ پر سی اسکوائر پیتھونز سی سی کی ٹیم رنگون والا سی سی کے بولروں کپتان اعجاز احمد اور رضوان جدون کی تباہ کن بولنگ آگے صرف 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فرحان قاضی 22 اور ملک اوسامہ 17 ہی کچھ مزاحمت کرسے۔لیگ اسپنر کپتان اعجاز احمد نے 12 اور رضوان جدون نے 18 رنز دے کر 4-4 حریف بلے بازوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔رنگون والانے 5.4 اورز میں ایک وکٹ کھوکر 61 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ شہروز ثنا اللہ نے 36 رنز کی ناقابل شکست باری میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ قائد اعظم پارک گرائونڈ پرریکس الیون 19 اورز میں 113رنز بنا پویلین سدھار گئی۔ یحٰیی نے 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز اور اظفر نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت20 رنز بنائے۔ حیدر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض4 اور طلحہ نے 15 رنز کے بدلے3 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ نویدنے 2 وکٹیں 8 رنز کے عوض سمیٹیں۔ جواب میں یونائیٹڈ ہاکس نے 14.3 اورز میں 2 وکٹوں پر 114 رنز بناکر کامیابی حاصل کی۔امان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39 رنز میں 6 چوکے لگائے، معیدنے انتہائی جارحانہ 33 رنز 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے اور عزیرنے 22 رنز میں 2 چوکے لگائے۔ عمر نے 12 رنز کے عوض گرنے والی دونوں وکٹیں سمیٹیں۔