کورونا وائرس سے مزید 17اموات، ملک میں جزوی لاک ڈائون پر غور

71

کراچی/ اسلام آباد/ راولپنڈی/پشاور (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 17اموات ہوئیں، حکومت نے ملک میں جزوی لاک ڈائون پر غور شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 17 افراد جان کی بازی ہار گئے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد7 ہزار 109 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا کے2 ہزار165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرین کی کل تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 461 تک پہنچ گئی ہے‘ 3 لاکھ 22 ہزار 414 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 24 ہزار 938 زیرعلاج ہیں۔ اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر سینئر صحافی ارشد وحید چودھری انتقال کرگئے۔ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان‘ ان کی اہلیہ اور ان کے بیٹے آیان کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 25 تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر سیل کر دیا گیا ہے‘ اسلام آباد میں سیل کیے گئے تعلیمی اداروں کی تعداد 120 ہو چکی ہے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں کورونا کی شدید لہر آگئی ہے‘ گزشتہ24 گھنٹے کے دوران7 اموات اور 48 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی میں کورونا مینجمنٹ سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات کو چند ماہ کے لیے موخر کر نے کی اپیل اور عوامی اجتماعات پر دوبارہ پابندیاں لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو میں اضافے اور دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر ملک میں جزوی لاک ڈائون‘شادی بیاہ کی تقریبات محدودکرنے‘ تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے سمیت کئی اقدامات اٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔