سینیٹر سراج الحق کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

267

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی والد گزشتہ روز انتقال کر گئی تھیں جن کی نماز جنازہ آج ادا کردی گئی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے آبائی گائوں ثمرباغ میں والدہ محترمہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں مقامی لوگوں سمیت امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی شرکت کی مرحومہ کو ثمر باغ کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا.

سینیٹر سراج الحق کی والدہ دل کے عارضے کے میں مبتلا ہونے کے باعث پشاور کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا محمد ظفر الحق، جماعت اسلامی کے رہنمائوں، ملک بھر سے سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تعزیت کے لیے سینیٹر سراج الحق کو فون بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی نے لاہور اور دیگر شہروں کے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر وہ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ثمر باغ تشریف نہ لائیں۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت چند دنوں میں منصورہ پہنچیں گے اور وہیں پر اجتماعی دعا ہوگی۔