بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کریں گے، منیر اکرم

65

اسلام آباد (صباح نیوز) اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ میں پوری کوشش کریں گے کہ بھارت کے پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے معاملے کو بے نقاب کیا جائے تاکہ دنیا کو پتا چلے کہ بھارت کیا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا۔ منیر اکرم نے کہا کہ بھارت کو دنیا میں بے نقاب کرنے کیلیے ہمیں بہت سے اقدامات کرنا ہوں گے، ایک ہم نے اندرونی طور پر قانونی اور انٹیلی جنس اقدامات کرنا ہیں۔ دوسراجو بڑے ممالک ہیں اور ایسے مسائل میں بڑی لیڈ لیتے ہیں ان سے رابطہ کرکے بتانا ہے کہ بھارت پاکستان میں کس قسم کی دہشت گردی کررہا ہے اور تیسر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر ادارے جو دہشت گردی سے متعلق ڈیل کرتے ہیں ان کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا ہے، اقوام متحدہ کی دیگر کمیٹیوں سے بھی رابطہ کرنا ہے اور انہیں بتانا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہورہی ہے بھارت جو دہشت گردی کررہا ہے اسے روکنے کیلیے اقدامات کرنا چاہییں۔