لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان کے انتخابات میں شکست کے بعد سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں میں آدھے گھنٹے سے زائد بات چیت ہوئی، جس میں جی بی الیکشن کے نتائج اور سیاسی
صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صحافی حامد میر نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور قائد ن لیگ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ تمام معاملات پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان آدھ گھنٹے سے زائد وقت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران گفتگو میں گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کے علاوہ دیگر سیاسی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ نوازشریف اور آصف زرداری دونوں رہنماؤں کے درمیان پچھلے چند دنوں میں یہ دوسرا رابطہ تھا۔