اسپیس ایکس کا خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ روانہ

110
فلوریڈا: اسپیس ایکس کا راکٹ روانہ ہونے سے قبل خلاباز تصویر بنوا رہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے نجی ادارے اسپیس ایکس اور ناسا نے مل کر خلائی جہاز کو کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ’’کریو ڈریگن ‘‘ میں جاپان کے نوگْوچی سواچی سمیت 4 خلاباز ہیں۔ خلائی جہاز لے جانے والا راکٹ امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع کینیڈی خلائی مرکز سے اتوار کے روز روانہ ہوا اور 12 منٹ بعد ہی کامیابی کے ساتھ مدار میں داخل ہوگیا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 27 گھنٹے بعد خلائی جہاز بین الاقوامی اسٹیشن سے جُڑ جائے گا۔ واضح رہے کہ جاپانی خلاباز نوگْوچی کا یہ تیسرا خلائی سفر ہے جو 10 سال کے وقفے کے بعد ہو رہا ہے۔ وہ سائنسی تجربات اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے بین الاقوامی خلائی مرکز پر تقریباً 6 ماہ قیام کریں گے۔ کریو ڈریگن نامی خلائی جہاز اسپیس ایکس کمپنی نے ناسا کے تعاون سے تیار کیا ہے، جو عملی استعمال کے مرحلے تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا نجی طور پر تیار کردہ خلائی جہاز ہے۔ اس کی روانگی کو تجارتی خلائی صنعت کے ایک نئے دور کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کریو ڈریگن کے ذریعے، پیسوں کی ادائیگی پر مسافروں کو بھی خلا میں لے جانے کا منصوبہ ہے۔ نوگْوچی اس سے قبل اسپیس شٹل اور سویْوز کے عملے میں بھی شامل رہ چکے ہیں۔ اس طرح وہ 3 اقسام کے خلائی جہازوں پر سفر کرنے والے پہلے جاپانی خلاباز ہیں۔