جھڈو، آوارہ کتوں نے پانچ سالہ بچی سمیت چار افراد کو بھنبھوڑ ڈالا

118

جھڈو (نمائندہ جسارت) ایک ہی دن میں سگ گزیدگی کے چار واقعات، آوارہ کتوں نے ایک پانچ سالہ بچی سمیت چار افراد کو بھنبھوڑ ڈالا، ٹائون انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف، شہریوں کا اظہار تشویش، فوراً کتا مار مہم شروع کرنے کا مطالبہ۔ اتوار کے روز آوارہ کتوں کے کاٹنے سے شدید زخمی ہونے والے چار افراد کو مرکز صحت جھڈو میں علاج کے لیے لایا گیا جن میں پانچ سالہ بچی بھی شامل ہے، زخمیوں میں وکیل احمد، محبوب احمد اور وارث علی بھی شامل ہیں جن کا تعلق جھڈو کے مختلف علاقوں سے ہے جبکہ مرکز صحت میں ایک پانچ سالہ بچی نیلو دختر لالو کو بھی علاج کے لیے لایا گیا جس کا تعلق دیہہ 269سے ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد اور سگ گزیدگی کی ویکسین لگا کر فارغ کردیا گیا۔ دوسری جانب آوارہ خونخوار کتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، شہر بھر میں آوارہ کتوں کے غول کے غول دکھائی دیتے ہیں جو موقع ملتے ہی شہریوں پر حملہ آور ہوتے ہیں جبکہ جھڈو کی ٹائون انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہے۔ سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جلد از جلد کتا مار مہم شروع کی جائے۔