ٹھٹھہ، دریا خان پارک میں کروڑوں روپے کی کرپشن

115

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) درپور ٹولھ دریا خان پارک میں کروڑوں روپے کی کرپشن، پارک کی بنیادیں سیم کی وجہ سے ٹوٹنے لگیں۔ ٹھٹھہ ضلع کے عوام کے لیے 2012ء میں پبلک پارک بنانے کے لیے ایک منصوبہ سندھ حکومت نے منظور کیا تھا، جس کا باقاعدہ طور پر افتتاح ایک سابق صوبائی وزیر ثقافت نے کیا تھا، پارک بنانے کے لیے بڑے بڑے ٹھیکیداروں نے بولیاں لگائی تھیں مگر اس کا ٹھیکا ایک با اثر سیاسی شخصیت کو دے دیا گیا تھا، جس نے پارک پر مشکل سے ایک یا دو کروڑ روپے خرچ کیے ہوں گے، باقی کروڑوں روپے کی رقم ٹھیکیدار لے کر رفو چکر ہوگیا۔ پارک میں لگائے جانے والے درخت سوکھ گئے اور بچوں کے لیے ناقص مٹریل سے بنائے جانے والے جھولے جانور وغیرہ سب مٹی کا ڈھیر بن گئے ہیں۔ کچھ مہینے قبل پارک میں فحاشی کا اڈہ چوری چھپے قائم ہوگیا تھا، جو پولیس نے بند کرادیا۔ پارک میں لگے ناقص لوہے کے دروازوں کو بھی زنگ کھا گیا ہے اور یہ گیٹ بھی گرنے والے ہیں، دولھ دریا خان پارک کی تعمیر پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ سیم کی وجہ سے اس کی بنیادیں کھوکھلی ہوگئی ہیں۔ محکمہ ثقافت کی نااہلی کے باعث پارک تباہی کے کنارے پہنچ گیا ہے مگر کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔