اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے لاپتا آئی ٹی ایکسپرٹ ساجد محمود بازیابی کیس میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کیس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق کو طلب کرلیا۔دوران سماعت درخواست گزار ماہرہ ساجد کی جانب سے وکیل عمر گیلانی جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ عدالت میںپیش ہوئے۔ عدالت نے کہاکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ اس کیس کے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے،کیس میں جرمانے کی حد تک سنگل بینچ کے فیصلے پر حکم امتناع دیا گیاہے۔عدالت نے لاپتا آئی ٹی ایکسپرٹ ساجد محمود کے معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت 7 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔