شہباز اور حمزہ کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

37

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت آج بروز منگل ہوگی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری کیس کی سماعت کرینگے۔جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر آج حمزہ شہباز کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے سخت سیکورٹی حصار میں عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گاجبکہ احتساب عدالت نے اس کیس میں شہباز شریف کو حاضری سے استثنا دے رکھا ہے، انکی جگہ انکے نمائندہ وکیل حاضری دیں گے۔نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے2015ء میں 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر اپنی نجی ملکیت رمضان شوگر ملز کے لیے نالہ تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت 24نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے گواہوں کو طلب کرلیا۔ عدالت میں جیل حکام نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو پیش کیا ۔عدالت آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس میں 5 گواہوں کے بیانات قلمبند کرچکی ہے ۔نیب کرپشن ریفرنس میں شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔