لاڑکانہ ،جماعت اسلامی خواتین کا نفرنس کیخلاف احتجاج

19

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف لاڑکانہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے نظامانی لیبر ہال سے ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ہاتھوں میں تنظیمی جھنڈے، پلے کارڈز اور بینر اٹھاکر لبیک یا رسول اللہ کے فلق شگاف نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار، ناظمہ لاڑکانہ ریحانہ امام، عائشہ ظہیراور عظمیٰ اظہار و دیگر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ سے بے حد پیار ہے ان کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کی حرمت کے لیے ہم اپنی جانیں بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے کبھی بھی کسی مذہب سے تعلق رکھنے والی عظیم شخصیت کے شان میں گستاخی نہیں کی لیکن فرانس کے صدر جو اپنے ملک میں حقوق اور آزادی کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں دیگر کے حقوق اور آزادی کے متعلق کوئی بھی معلومات نہیں جن کی جانب سے گستاخانہ خاکے شائع کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرکے اقوام متحدہ میں جامع قانون سازی کرکے ایسے واقعات کو روکا جائے۔