کندھکوٹ،عوام کا بند ریلوے بحال کرنے کا پرزورمطالبہ

34

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)کندھکوٹ ریلوے اسٹیشن چاروں صوبوں کے سنگم پر واقع ہے۔ کچھ وقت پہلے رات دن میں چار سے 6 ریل گاڑیاں یہاں سے گزرتی تھیں اور کوئٹہ سے لے کر کراچی، لاہور، پنڈی اور پشاور تک یہاں سے مسافر اپنے خاندان کے ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ لوگ ریل گاڑی سے سفر کرنے کو ترجیح دیا کرتے تھے۔ وقت کے ساتھ ریل کا پہیہ رکنا شروع ہوا جو آخرکار رک ہی گیا۔ اب یہ ریلوے اسٹیشن مسافروں کی راہیں تکتا رہتا ہے ۔ ریل گاڑیاں بند ہونے سے عوام سفر سے محروم ہوگئے۔ ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید جب کندھکوٹ آئے تھے تو انہوں نے یہاں کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بہت جلد کندھکوٹ ریلوے اسٹیشن کی رونقیں پھر سے بحال کریں گے۔ کچھ عرصے کے بعد خوشحال خان خٹک کی سروس کو بحال کیا گیا تھا جو اب مکمل طور بند کردی گئی ہے، جس سے یہاں کے عوام سفر سے محروم ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے ریلوے کے وفاقی وزیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین سروس دوبارہ بحال کی جائے۔