میونسپل کمیٹی روہڑی کے ملازمین بنیادی سہولیات سے محروم

31

سکھر( نمائندہ جسارت) اسٹاف ورکر یونین میونسپل کمیٹی روہڑی کے جنرل سیکرٹری شفیق احمد شیخ، پریس سیکرٹری شوکت حسین اور جوائنٹ سیکرٹری مومن علی شیخ نے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی روہڑی میں افسران کی ملازمین کے ساتھ زیادتیاں بڑھتی جارہی ہیں کام کرنے والے ملازمین کی بلا جوا ز تنخواہیں بند یا کئی کئی دن کی دہاڑیاں کاٹ کر پریشان کیا جاتا ہے ،چار ماہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے بجٹ میں بڑھائی گئی تنخواہ اور 6ماہ کے سالانہ انکریمنٹ نہیں دیے جار ہے ہیں ،ڈیفرنس بھی نہیں دیا جارہا ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو رلا رلا کر اقساط میں ادائیگیاں کی جارہی ہے، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 17 ہزار روپے کے بجائے صرف دس ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے جو ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے۔ رہنمائوں نے صوبائی وزیر سیکرٹری بلدیات ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کمشنر ڈپٹی کمشنر اسٹنٹ کمشنر روہڑی سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے کر ملازمین کے مسائل حل کروائیں اور صوبے بھر کے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں ٹر یزری کے ذریعے اکائونٹ میں بھیجی جائیں۔ رہنمائوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جائز مطالبات اور مسائل حل نہ ہوئے تو کام چھوڑ ہڑتال کر کے احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے جس کی ذمے داری میونسپل افسران پر عائد ہوگی۔