پارلیمنٹ میں اقلیتوں کی نمائندگی سے عالمی سطح پر رواداری کا پیغام گیا،شاہ محمود

63

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے معاشرے میں رواداری کو فروغ مل رہا ہے۔ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔کرتار پور راہداری کھولنا ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کے لیے پاکستانی عزم کا عکاس ہے۔منگل کو برداشت کے عالمی دن پر وزارت خارجہ میں منعقدہ ’’موجودہ دور میں رواداری کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بین الاقوامی سطح پر عدم رواداری کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی پارلیمنٹ میں عیسائیوں ، ہندوؤں ، سکھوں اور دیگر اقلیتوں کی نمائندگی نے عالمی سطح پر رواداری کو فروغ دینے کے علاوہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی سے انکار کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ وقت کیساتھ جمہوری اقدار مضبوط ہو رہی ہیں۔تحمل اور برداشت کے فروغ کے لیے معاشرتی ہم آہنگی ضروری ہے۔ وزیر خارجہ نے پڑوسی ملک کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں عدم رواداری ، انتہا پسندی عروج پر ہے اور نئے امتیازی قوانین کے ذریعے اقلیتوں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔