شام پر مقبوضہ گولان ہائیٹس سے اسرائیلی حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونکریس نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے زیرانتظام گولان کی پہاڑیوں سے دمشق کے اطراف تک پھیلے ہوئے علاقوں میں آٹھ اہداف پر حملہ کیا گیا ہے۔
اہداف میں دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بنے ایرانی ہیڈ کوارٹر اور ایک خفیہ فوجی اڈہ بھی شامل ہے جو شام میں آئے ایرانی وفود کو میزبانی کی سہولت فراہم کرتا تھا۔
واضح رہے کہ شام کی حکومت نے کبھی بھی ایرانی فوجی اہلکاروں کی شام میں موجودگی کا اقرار نہیں کیا ہے تاہم دوسری جانب اسرائیل نے حملے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل شمالی پڑوس ممالک میں ایران کی موجودگی کو ذرہ برابر بھی برداشت نہیں کرے گا۔